جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز گراؤنڈ میں تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 350 وکٹیں مکمل کرتے ہوئے گیندوں کے اعتبار سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔31 سالہ ربادا نے یہ سنگ میل صرف 13 ہزار 808 گیندوں پر عبور کیا، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 350 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے کسی بھی بولر کی جانب سے کم ترین گیندیں ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے پاس تھا، جنہوں نے 14 ہزار 719 گیندوں پر 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ربادا نے اپنے 75ویں ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ ڈیل اسٹین نے 69 ٹیسٹ میچز میں 350 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا تھا۔ یوں ربادا نے میچز کی تعداد کے بجائے گیندوں کے اعتبار سے اسٹین کا ریکارڈ توڑا ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ ربادا 350 یا اس سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے چوتھے جنوبی افریقی فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل ڈیل اسٹین، شان پولاک اور مکھایا نتینی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ربادا نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی اوور میں میٹ رینشا اور مارنس لبوشین کو پویلین واپس بھیجا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 350ویں وکٹ مکمل کی۔