بنگلا دیش کے اوپنر بلے باز لٹن داس نے اپنی خراب فارم کے سبب 2025 چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بنگلا دیش کے ون ڈے اسکواڈ سے باہر ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں لٹن داس اور شکیب الحسن شامل نہیں تھے۔لٹن داس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "چیمپیئنز ٹرافی کے لیے منتخب ہونا میرے اختیار میں نہیں ہے، بلکہ سلیکٹرز ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنا ہے۔ میرا کام اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کرنا تھا، اور میں اپنی خراب کارکردگی پر پریشان تھا۔"انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اپنی فارم کو بہتر بنانے کے لیے دوبارہ صفر سے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور سخت محنت کریں گے۔
لٹن نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ انہیں اس بات کا واضح پیغام دیا گیا کہ وہ پرفارم نہیں کر رہے تھے، اور یہی وجہ ہے کہ انہیں اسکواڈ سے باہر کیا گیا۔واضح رہے کہ جس دن اسکواڈ کا اعلان کیا گیا، اسی دن لٹن داس نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ (BPL) میں ڈھاکا کیپیٹل کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جس کے بعد ان کے انتخاب میں سلیکٹرز کا فیصلہ اور زیادہ سنجیدہ ہوگیا۔