لیونل میسی کے جدید اور پرتعیش نجی طیارے کی قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

لیونل میسی کے جدید اور پرتعیش نجی طیارے کی قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران جہاں انتظامی بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کی خبریں سامنے آئیں، وہیں ان کا پرتعیش نجی طیارہ بھی عوام اور میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی گلف اسٹریم طیارے میں سفر کرتے ہیں، جو دنیا کے مہنگے اور جدید ترین بزنس جیٹس میں شمار ہوتا ہے۔ میسی نے یہ نجی طیارہ 2018 میں تقریباً 15 ملین امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔ طیارے کی دم پر ان کا مشہور جرسی نمبر 10 درج ہے، جبکہ سیڑھیوں پر ان کی اہلیہ اور بچوں کے ناموں کے ابتدائی حروف کندہ ہیں، جو اس طیارے کو ذاتی اور منفرد بناتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق میسی کے اس لگژری جیٹ میں 14 جدید اور آرام دہ نشستیں، ایک مکمل سہولیات سے آراستہ کچن، دو باتھ رومز اور دیگر اعلیٰ معیار کی آسائشیں موجود ہیں۔ طیارہ 51 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور بغیر کسی وقفے کے نیویارک سے ٹوکیو یا لندن سے سنگاپور تک طویل سفر کر سکتا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیونل میسی اس سے قبل ایمبرائر لیگیسی 650 طیارے کے مالک رہ چکے ہیں، تاہم گلف اسٹریم کو اس کی رفتار، آرام اور طویل رینج کی وجہ سے دنیا کے بہترین نجی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔