ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف احتجاج، دہشت گردی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ابوالحسنات صاحب ہی کریں گے۔ انہوں نے وکلا سے استفسار کیا کہ کیا گزشتہ روز ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے ملاقات ہوگئی تھی؟اس موقع پر شیریں مزاری نے کہا کہ انہیں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ملاقات کروائی جاتی ہے۔سماعت کے دوران وکیلِ صفائی ریاست آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس پرسوں کے لیے مقرر کیا جائے، تاہم جج طاہر عباس سپرا نے بتایا کہ متعلقہ جج پرسوں دستیاب نہیں ہوں گے۔ وکیلِ صفائی نے کہا کہ عدالت وکلا کو اتنا ریلیف دے کہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوں۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ جج 19 اکتوبر کو واپس آکر کیس کی سماعت کریں گے۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے وکلا نے سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی۔بعد ازاں عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔