لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافے کے باعث شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 300 تک ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ ٹو میں اے کیو آئی 300 ریکارڈ ہوا، جبکہ پیراگون سٹی میں 224، ماڈل ٹاؤن میں 220 اور برکی روڈ پر 216 کی سطح ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 201، اقبال ٹاؤن میں 181، چمن پارک میں 176، بیدیاں روڈ پر 169 اور عسکری ٹین میں 154 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج اور کل بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔موسمی صورتحال کے مطابق شہر میں موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم اور فضائی آلودگی سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور اپنی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔