اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان اور نیدرلینڈز نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں نیدرلینڈز کے کاروباری وفد نے وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعتی پیداوار اور ڈیجیٹل خدمات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال نے ڈچ کاروباری وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔ وفد کی قیادت مرلن میلس نے کی، جبکہ پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ، وزارت تجارت کے اسپیشل سیکرٹری سید حامد علی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران جواد پال نے کہا کہ پاکستان میں برآمدی صنعتوں، صنعتی پیداوار اور مشترکہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈچ کمپنیاں پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں اور ہنرمند افرادی قوت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط کاروباری شراکت داری سے تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں