پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت ‘سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

 قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے صنعتی، زرعی، ہوٹل اور سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
 برآمدات پر مبنی صنعتوں، مشترکہ صنعتی منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کیلئے مواقع موجود ہیں: وفاقی وزیر 
دوحہ ( آن لائن)پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے، غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی برآمدات کے لیے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پیدا کرنے کے لیے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی دوحہ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان ملاقاتوں میں ڈی ایٹ ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، زرعی شعبے میں شراکت داری، صنعتی سرمایہ کاری، علاقائی تجارتی راہداریوں اور سیاحت و مہمان نوازی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت نے مختلف قطری حکام، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرتے ہوئے انہیں خصوصی اقتصادی زونز، صنعتی علاقوں، زراعت، غذائی تحفظ، ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد دوطرفہ اقتصادی روابط کو عملی تجارتی اور سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈی ایٹ تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے، اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تجارتی رکاوٹیں کم کرنے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔