و فاق کے پاس خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا اسحاق ڈار

افغان سرزمین سے ہونیوالی دہشتگردی کسی صورت قابل قبول نہیں، اگر افغان طالبان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتے تو ایک دن انہیں خود بھی اسے بھگتنا پڑے گا‘ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم  ہے
بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث ہے ،دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا ،، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے وفاق اور صوبوں کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا
اسلام آباد(آئی این پی )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے  خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانا آسان نہیں تھا، وفاقی حکومت کے پاس ایمرجنسی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا، دھرنوں اور احتجاج کے باعث معیشت کو بہت نقصان پہنچتا ہے جبکہ  پاکستان کا افغانستان سے صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو، اگر افغان طالبان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتے تو ایک دن انہیں خود بھی اسے بھگتنا پڑے گا، پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  اسلام آباد میں  خیبرپختونخوا کے حوالے سے منعقدہ  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔  اسحاق ڈار کا کہنا تھا خطے اور دنیا کیلئے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کی داستان رقم کی ہے، پاکستان نے ہمت، بہادری اور مضبوطی سے دہشت گردی کا سامنا کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا، دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے  نئے خطوط پر کام کیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر صوبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔