ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، اپنے کیس عالمی سطح پر لے جائینگے بانی پی ٹی آئی

رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزہ آیا‘ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچا رہے ہیں‘ان  کے پاس کوئی عہدہ نہیں ، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلا رہے ہیں
بانی پی ٹی آئی تک رسائی محدود کررکھی ہے‘ یہ ٹارچر ہے، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا‘  بانی پی ٹی آئی چیزیں مانگتے ہیں تو  یہ لوگ تنگ کرتے ہیں:علیمہ خان کی ملاقات کے بعد گفتگو

راولپنڈی(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے  ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا  بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے جائیں گے۔علیمہ خان کا کہنا تھا  ہمیں آج اندر جانے سے روکا گیا، ہم پیدل چل کر اندر والے گیٹ پر گئے۔ پہلے پوری فیملی کو اجازت ہوتی تھی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی محدود کررکھی ہے۔ یہ ٹارچر ہے، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا۔  بانی پی ٹی آئی چیزیں مانگتے ہیں تو  یہ لوگ تنگ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا  رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزہ آیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے بانی پی ٹی آئی کی کوئی بات مِس نہ ہو۔   یہ بہت بڑی ذمے داری ہے، اسے  پورا کریں گے۔ اب یہ چیزیں ہم کو نہیں روک سکتیں۔  بانی پی ٹی آئی  کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لوگوں کی زبان ہیں۔  وہ پاکستان کے لوگوں کی سوچ ہے۔انہوں نے کہا   ہر چیز کا فیصلہ اڈیالہ جیل سے ہی ہوگا اور ابھی بھی ہو رہا ہے۔ جب تک بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آتے ہیں ہم آپ کے سامنے ہیں۔