کراچی میں حالیہ دنوں میں بعض اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں قبل از وقت تعطیلات دیے جانے اور سوشل میڈیا پر مختلف علاقوں میں احتجاج کی خبروں کے بعد کراچی پولیس کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
پولیس حکام نے وضاحت کی ہے کہ شہر میں کسی بھی جگہ ابھی کوئی احتجاجی سرگرمی جاری نہیں ہے، اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔پولیس کے مطابق، شہر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت کراچی کے مختلف اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے تاکہ امن و امان قائم رہ سکے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ پولیس نے بتایا کہ نیو کراچی میں مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا ہے، اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع کورنگی کے علاقے میں بھی کسی قسم کا احتجاج یا ہڑتال نہیں ہے۔ وہاں کی تمام سڑکیں اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں اور حالات پرامن ہیں۔ ایس ایس پی کورنگی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی من گھڑت یا غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً 15 نمبرز پر پولیس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر لمحہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کی روانی بحال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔ سندھی ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف پولیس کا کنٹرول ہے، جہاں مظاہرین کے پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کی کارروائی بھی عمل میں آئی ہے۔ پولیس کی جانب سے مظاہرہ کرنے والے چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامہ آرائی یا توڑ پھوڑ سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔