17 ملزم گرفتار، 122 بٹیر، 13 تیتر ، 12 گانی دار طوطے بر آمد

 ملزمان کیخلاف مقدمات درج ،4 کو 2 لاکھ 65 ہزار کاجرمانہ عائد :محکمہ جنگلات 
لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ جنگلات نے جنگلی پرندوں کی غیرقانونی سمگلنگ اور بٹیر،تیتر کی نیٹنگ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے17 ملزموں کو گرفتار کرلیا،کارروائیوں کے دوران122 بٹیر، 13 تیتر،12 گانیدار طوطے، ایک گاڑی،13 نٹنگ گیئرز اور16 پنجرے بر آمد کیے گئی جبکہ 13 ملزمان کیخلاف مقدمات درج اور4 کو 2 لاکھ 65 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق محکمہ جنگلات ملتان ریجن کے حکام نے ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملتان شہر سے دیگر شہروں میں بذریعہ گاڑی سمگل کئے جانیوالے جنگلی پرندوں کی ایک بڑی کھیپ پکڑ کر ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ایک گاڑی سمیت 122زندہ بٹیر اور 8 تیتر بر آمد کرکے ملزم کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی جبکہ ضبط پرندے پیرووال وائلڈلائف پارک منتقل کردیئے، نیز وائلڈلائف رینجرز وہاڑی اور خانیوال نے 3بٹیر نٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔ایک اور کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر سیوٹ کیٹ کی خرید وفروخت شیئر کرنیوالے کو گرفتار کرکے اس کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی۔بہاولپور ریجن میں محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے بٹیر کے 5نٹنگ گیئرز ضبط کرکے 2ملزمان کاچالان کیا اور انہیں2لاکھ روپے جرمانہ کیا اور باقی کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔