بابر علا ئوالدین کا بہاراں والا بند، بستی صدیق آباد کا دورہ

سیلاب سے متاثرہ گا ئوں، تباہ شدہ فصلوں اور بند میں شگاف کے مقامات کا معائنہ
لاہور (خصوصی رپورٹ) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علا ئوالدین نے اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا کے ہمراہ بہاراں والا بند، بستی صدیق آباد اور بستی بہاراں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران چیئرپرسن نے سیلاب سے متاثرہ گا ئوں، تباہ شدہ فصلوں اور بند میں شگاف کے مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ کسانوں اور مقامی آبادی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔بریگیڈیئر بابر علا ئوالدین (ر) نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جانوروں کے نقصان، مکانات کے گرنے اور جانی نقصان کے شکار خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کر دیے ہیں۔چیئرپرسن نے کہا کہ حکومت دن رات عوام کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، اور تمام ادارے مل کر سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام ضروری امدادی اور بحالی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے۔