فریقین کو مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے‘ شہزاد اشرف بھٹی
لاہور(خصوصی رپورٹ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ احتجاجی مظاہروں اورامن و امان کی صورتحال کی وجہ سے معیشت کو بڑا دھچکا لگتا ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا ،فریقین کو مذاکرات کی میز پر آ کر بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ اپنے بیان میں شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال معیشت کی چولیں ہلا دیتی ہے اور اس کے دورس نتائج ہوتے ہیں جس کا خمیازہ ساری قوم کو بھگتنا پڑتا ہے۔ پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ، آبادی کا ایک بڑا حصہ روز کما کر اپنے خاندانوں کا پیٹ پالتا ہے لیکن جب احتجاجی مظاہرے ہوں گے تو یہ طبقہ کس طرح روزگار کما سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار اس طرح کے ماحول سے خوف کھاتے ہیں جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ مطالبہ ہے کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے بہتری کی طرف جانا چاہیے تاکہ خوف و ہراس کی فضا ء کا خاتمہ ہو سکے