موٹروےM1 اور M4 کو ہنگامی بنیادوں پرجنگی طیاروں کے رن وے میں تبدیل کرنیکی منظوری

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)نے اسلام آباد پشاور موٹر وے اور فیصل آباد ملتان موٹر وے کو فائیٹر ایئر کرافٹ آپریشنل رن وے کے مطابق اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے، این ایچ اے نے مذکورہ اپ گریڈیشن کو ہنگامی بنیادوں پر کرنے کے احکامات دیئے ہیں ،این ایچ اے نے ایم ون اور ایم فور کو چار ماہ کی مدت میں جنگی طیاروں کے رن وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، این ایچ اے نے اسلام آباد پشاور ایم ون اور فیصل آباد ملتان موٹر وے ایم فور کے مختلف مقامات کو فائیٹر ایئر کرافٹ کے آپریشنل رن وے بنانے کے لیے ایک ارب 39 کروڑ 27 لاکھ 78 ہزار روپے بجٹ کی منظوری دی ہے، مذکورہ بجٹ این ایچ اے کے2025 -2024 کے سالانہ منٹس بجٹ سے خرچ کیا جائے گا ، این ایچ اے نے ایم فور فیصل آباد ملتان موٹر وے ایم فور کے لیے 70 کروڑ 47 لاکھ 84 ہزار روپے اور ایم ون اسلام آباد پشاور موٹر وے کے لیے 68 کروڑ 79 لاکھ 94 ہزار روپے فائیٹر ایئر کرافٹ طیاروں کے رن وے میں تبدیل کرنے کے لئے مختص کیے ہیں، این ایچ اے نے منصوبہ کو چار ماہ کی مدت میں ہر ممکن صورت میں مکمل کرنے کی منظوری دی ہے۔