پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے میں جمعیت علما اسلام کی حمایت مانگ لی
استعفیٰ موصول، قانونی تقاضوں کے بعد عمل ہوگا:گورنر، منظوری کی ضرورت نہیں:سلمان راجہ
پشاور،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر ہائوس میں موصول ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے کل پیر کے روز صبح 10 بجے اسمبلی اجلاس طلب کرتے ہوئے الیکشن شیڈل جاری کردیا گیا، اس سے قبل اجلاس 20اکتوبر دوپہر دو بجے تک ملتوی کیا گیا تھا،اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آج 12 اکتوبر دوپہر 3 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔کاغذات نامزدگی کے فوری بعد سکروٹنی کی جائے گی، آج شام ہی 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹنگ کل پیر کے روز صبح 10 بجے کی جائے گی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر ہاوٓس لے کرگئے اور استعفیٰ گورنر ہاوٓس کے کیئرٹیکر کے حوالے کیا اور کیئر ٹیکر نے استعفیٰ وصول کرکے رسید بھی دی جبکہ استعفے کی وصولی کی رسید پر ڈھائی بجے دوپہر کا وقت درج ہے۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ڈھائی بجے وزیرا علیٰ کا ہاتھ سے لکھا استعفیٰ موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے، استعفے کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ عملدرآمد ہوگا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے فوری طور پر علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرنے سے معذرت کرلی، استعفیٰ پر گورنر ہاوٓس نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے معاملے پر حتمی آئینی رائے اور مشاورت کے لیے پیر کو قانونی ٹیم کو طلب کرلیا،آج اتوار کے باعث گورنر ہاوٓس کا قانونی عملہ دستیاب نہیں ہوگا، پیر کو استعفیٰ سے متعلق آئینی تقاضوں، ممکنہ پیچیدگیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے آرٹیکل 130کی شق 8 کے تحت وزیراعلیٰ نے استعفیٰ دینا ہے منظوری ضروری نہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ ہاوٓس میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وہی ہوگا جسے بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا ہے، اگر آئینی پیچیدگی آئی تو عدالت اسے حل کرے گی،صوبائی قیادت اور ارکان سے مسلسل رابطے میں ہوں، وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے متعلق آج بھی اجلاس ہوا، پی ٹی آئی کی پوری قیادت بانی پی ٹی آئی کے احکامات کی پابند ہے۔اجلاس میں سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر، اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سواتی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ اسمبلی اجلاس کے لیے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے چناوٓ میں حمایت کے لیے تحریک انصاف نے جمعیت علما اسلام سے رابطہ کرلیا، تحریک انصاف کا وفد وزیر اعلٰی کے انتخاب اور تعاون کے لئے جے یو آئی مرکز پہنچا۔ پی ٹی آئی کے وفد میں جنید اکبر، عرفان سلیم اور دیگر ہنما شامل تھے۔جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینٹر مولانا عطا الحق درویش، مولانا جلیل جان اور دیگر رہنماوٓں نے پی ٹی آئی وفد کا استقبال کیا۔پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب میں تعاون کی درخواست کر دی۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پیر کے روز اسمبلی اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں نامزد وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔