کچے کے ڈاکوئوں نے ایک اور مغوی قتل کردیا

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا بشیر ہنی ٹریپ ہوکر اغوا ء ہوا تھا 
لاہور (کرائم رپورٹر) کچے کے ڈاکوئوں نے تشدد کرکے ایک اور مغوی کو قتل کردیا ، پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے رہائشی محمد بشیر کوہنی ٹریپ کرکے اغوا ء کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق سندھ ،پنجاب کے سرحدی علاقے سے نامعلوم شخص کی بوری میں بند لاش برآمد ہوئی۔علاقہ مکینوں نے لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع کردی، تھانہ گیھلپور پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق یہ علاقہ پنجاب کا ہے ہم نے انسانیت کی خاطر لاش کو ہسپتال منتقل کیا ، لاش سے تلاشی کے دوران شناختی برآمد ہوا۔شناختی کارڈ کے مطابق لاش کی شناخت پنجاب کے رہائشی محمد بشیر کے طور پر ہوئی ہے،پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا محمد بشیر ہنی ٹریپ ہوکر اغوا ء ہوا تھا۔بشیر احمد کو کچے کے ڈاکوئوں نے اغوا کرنے کے بعد سخت تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا ۔