ویب ڈیسک: لاہور میں سکیورٹی خدشات اور جاری ہنگامی صورتحال کے باعث شہر بھر میں اندرونی سڑکیں اور داخلی و خارجی راستے بند کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر شہر کے اہم راستوں کو بند کیا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔اس کے علاوہ، شہر کو دوسری شہروں سے ملانے والی موٹروے کے داخلی اور خارجی راستے بھی مکمل طور پر بند ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر دفاتر جانے والے افراد اور ایمبولینسز کے لیے بھی راستے بند ہونے کی وجہ سے اسپتال پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے اندرونی راستوں کی بندش کے سبب بہت سے شہری اور اسپتالوں میں داخل ہونے والی ایمبولینسز راستہ نہ ملنے کے باعث پھنس گئی ہیں۔ فیروزپور روڈ، جو کہ شہر کا اہم راستہ ہے، بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
اس روڈ پر ایک ایمبولینس جو کہ ایک شہری کی میت لے جا رہی تھی، راستہ بند ہونے کے باعث مشکل میں پڑ گئی ہے۔میٹرو بس سروس بھی سکیورٹی خدشات کے باعث جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے، تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ صورتحال جلد سے جلد معمول پر لائی جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔