کراچی (آئی این پی ) کراچی میں ایک تیز رفتار ڈمپر نے تین افراد کو روند دیا جن میں سے ایک شہری جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیل کے مطابق ٹاور کے علاقے میں قائم ایدھی سینٹر کے سامنے تیز رفتار ڈمپر نے راہ گیروں اور موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایدھی کے رضا کار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جس میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھرائوکر کے ڈمپر کے شیشے توڑ دیئے۔ ایدھی کے رضا کاروں نے متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کر دی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ باسط علی کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 55 سالہ شفیق ، 28 سالہ جنید اور ایدھی کے رضا کار روشن کے ناموں سے ہوئی جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ایس ایچ او کھارادر پون کمار نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار اور ایدھی سینٹر کے سامنے کھڑے ہوئے افراد زد میں آئے ہیں جس میں ایک نوجوان جو کہ راہگیر تھا وہ جاں بحق ہوا ہے