صوبے کی عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا ،تمام ارکان سہیل آفریدی کو ووٹ دینے کیلئے متحد ہیں
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں کس کو وزیراعلی بنانا ہے اس سے مقتدرہ کا کوئی تعلق نہیں، صوبے کی عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا، وزیراعلی کا فیصلہ بھی وہی کریں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے کہتا ہوں کہ فضل الرحمان اور عمران خان کے درمیان اتحاد ہونا چاہیئے اور غلط فہمیاں دور ہونی چاہئیں۔وزیراعلی کے امیدوار کا سنجیدہ ہونا اہم نہیں ، اہم جماعت اور لیڈر عمران خان ہے، صوبے کا مینڈیٹ پی ٹی آئی کے پاس ہے، یہ ایک سوال ہے کہ ن لیگ کی حکومت ہے لیکن وزیراعظم شہبازشریف کیوں؟لہذا جماعتوں کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے کہ کس کو لے کر آنا ہے، علی امین بڑا وفادار آدمی ہے، لیکن عمران خان نے محسوس کیا کہ تبدیلی آنی چاہیئے۔خیبرپختونخواہ میں کس کو وزیراعلی بنانا ہے اس سے مقتدرہ کا کوئی تعلق نہیں، صوبے کی عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا ہے۔تمام ارکان آج پیر کو سہیل آفریدی کو ووٹ دینے کیلئے متحد ہیں۔