اسلام آباد(آن لائن)بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں دائرکردہ اضافی درخواست کی سماعت رواں ہفتے ہونے کاامکان ہے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینٹ اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شبلی فراز کی خالی نشست پر 30 اکتوبر کو جبکہ عمر ایوب کی قومی اسمبلی نشست پر 23 نومبر کو پولنگ شیڈول کی گئی ہے۔درخواست کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کے خلاف دائر درخواست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا تھا جس کے باعث اپیل کی جلد سماعت نہ ہونے پر کیس غیر مؤثر ہونے کا خدشہ ہے۔بیرسٹر گوہر نے استدعا کی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو 13 اکتوبر کے عدالتی ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔