پاکستان کا تحفظ ریڈ لائن‘ وزیر اعلی بدلنے سے دہشتگردی کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا
دہشتگر داور دہشتگردی جہاں کہیں بھی ہوگی اسکے خلاف آپریشن ہوگا‘وزیر مملکت داخلہ
جڑانوالہ (آ ن لائن)وزیر مملکت داخلہ و اینٹی نارکوٹکس سینیٹرطلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت جو کچھ کررہی ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کا تحفظ ریڈ لائن ہے، وزیر اعلی بدلنے سے دہشتگردی کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا۔ دہشتگر داور دہشتگردی جہاں کہیں بھی ہوگی اسکے خلاف آپریشن ہوگا‘ کسی بنیاد پرستی اور کسی کے ایجنڈے پر بلیک میل نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو الٹا کان پکڑنے کی عادت ہے کہ حکومت صرف وہ کرتی ہے جو اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے، کبھی سیدھا بھی دیکھیں کہ حکومت جو کر رہی ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ممالک پاکستان سے شراکت داری کر رہے ہیں اور سب سے بڑھ کر پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کے قابل سمجھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایوں سے معاملات ہوں یا عالمی مسائل، غزہ و فلسطین کی آزادی وخود مختاری کا معاملہ ہو یا عالم اسلام کا تحفظ، پاکستان اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کے 57۔ اسلامی ممالک میں سے جن 8 ممالک سے فلسطین کی آزادی اور خود مختاری کے معاہدے پر مشاورت اور گفت و شنید کی گئی ان میں 7 عرب ممالک کے ساتھ پاکستان بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں قیام امن اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے پاکستان نے کلمہ گو بھائی ہونے کا حق ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس وقت فلسطین کا نام لیا اور اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی جب دنیا میں کوئی اسرائیل کا نام لے کر مذمت نہیں کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کی آزادی اور وہاں قیام امن میں حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور قومی اداروں کی کاوشیں شامل ہیں