امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمیشہ خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات کی حمایت کی
کراچی(آئی این پی )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور پاک فوج کو موثر جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو جس جرات، مہارت اور عزم کے ساتھ جواب دیا ہے، وہ پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں پر حملہ دراصل ہمارے قومی وقار اور خودمختاری پر حملہ ہے۔ سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ بنیان مرصوص اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور طاقت سے دینا جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے سپاہی ہماری شان، فخر اور سلامتی کی ضمانت ہیں، ان کے حوصلے بلند ہیں، پوری قوم ان کے ساتھ ایک چٹان کی طرح کھڑی ہے،پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی سالمیت یا شہریوں کے تحفظ کو چیلنج کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات کی حمایت کی ہے، مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔