پاکستان اور افغانستان کے عوام کے امن و خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں
مزید کشیدگی سے گریز کریں اور بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دیں
دوحہ، ریاض، تہران(آئی این پی )افغانستان کی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے جواب دئیے جانے پر سعودی عرب، قطر اور ایران نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان تحمل سے کام لیں اور سفارتکاری سے مسائل حل کریں۔ سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں جاری تنا اور جھڑپوں پر شدید تشویش ظاہر کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودیہ عرب نے بیان میں فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کیلئے تحمل سے کام لیں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔ادھر قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک تحمل، بات چیت اور سفارتکاری سے مسائل حل کریں، خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی خطے کے امن پرمنفی اثرڈال سکتی ہے۔قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام کے امن و خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں۔دریں اثناایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے افغانستان اور پاکستان دونوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوزیشن ہے کہ دونوں ممالک کو صبر و ضبط سے کام لینا چاہئے، دونوں کے درمیان استحکام پورے خطے کے لئے مفید ہے۔