نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق پابندیوں کے نظام میں مزید ایک سال کی توسیع کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے، جس کے تحت نامزد یمنی افراد پر مالی اور سفری پابندیاں 14 نومبر 2027 تک برقرار رہیں گی۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق سلامتی کونسل کے تمام ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ قرارداد میں یمن سے تعلق رکھنے والے بعض مزید افراد کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سلامتی کونسل نے قرارداد میں حوثی گروپ کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں اور سعودی عرب کے خلاف سرحد پار کارروائیوں کی مذمت کی، جبکہ تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔منظور شدہ قرارداد کے تحت اقوام متحدہ کی جانب سے نامزد یمنی افراد پر مخصوص مالی پابندیاں عائد رہیں گی، جبکہ ان کے بیرون ملک سفر پر بھی پابندیاں برقرار ہوں گی۔ اس کے علاوہ نئے افراد کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔سلامتی کونسل کی جانب سے یہ توسیع یمن میں جاری تنازع اور حوثی گروپ کی سرگرمیوں کے تناظر میں کی گئی ہے۔ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات بھی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔