شان مینڈس کا فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کا اعلان، غزہ میں خونریزی فوری روکنے کا مطالبہ

شان مینڈس کا فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کا اعلان، غزہ میں خونریزی فوری روکنے کا مطالبہ

  کینیڈین گلوکار شان مینڈس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری تشدد اور معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شان مینڈس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے فلسطینی بچوں اور خاندانوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال نسل کشی کے مترادف ہے اور معصوم لوگوں کا قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔گلوکار نے کہا کہ فلسطینی بچے اور خاندان طویل عرصے سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں اس وقت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امداد کی ضرورت ہے۔شان مینڈس نے مزید کہا کہ وہ خود بھی اس تنازعے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دوسرے فنکاروں، دوستوں اور مداحوں پر بھی زور دیا کہ وہ اس معاملے سے متعلق آگاہی حاصل کریں اور متاثرہ افراد کی مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

اپنے پیغام میں گلوکار نے ان فلاحی اداروں کے نام بھی شیئر کیے جنہیں وہ عطیات دے چکے ہیں۔ ان اداروں میں فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ (پی سی آر ایف)، واٹرمیلون پکچرز اور ووون فیوچرز فنڈ شامل ہیں۔شان مینڈس نے مداحوں کو متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے عطیات دینے، دوسروں میں آگاہی پھیلانے اور ذمہ دار حکام سے جواب طلب کرنے جیسے اقدامات میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔