یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششیں، امریکی خصوصی ایلچیوں کی پیوٹن سے اہم ملاقات

یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششیں، امریکی خصوصی ایلچیوں کی پیوٹن سے اہم ملاقات

ماسکو: یوکرین میں تقریباً پانچ سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو خصوصی ایلچیوں نے روسی دارالحکومت ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات کی، جس میں جنگ بندی اور امن مذاکرات کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور الجزیرہ کے مطابق کریملن میں ہونے والی اس ملاقات میں یوکرین جنگ کے خاتمے، علاقائی تنازعات، یورپ کی سلامتی اور مستقبل کے امن مذاکرات سے متعلق امور زیر بحث آئے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی وفد کے درمیان ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی۔ امریکی وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر شامل تھے، جنہوں نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے روسی قیادت کے ساتھ مذاکرات کیے۔کریملن کی جانب سے مذاکرات کو بامعنی، تعمیری اور مفید قرار دیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق دونوں ممالک نے یوکرین تنازع کے حل کے لیے براہِ راست بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ملاقات میں جنگ بندی کے امکانات اور ایسے ممکنہ اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی جن کے ذریعے روس اور یوکرین کے درمیان جاری لڑائی کا سیاسی اور سفارتی حل تلاش کیا جاسکے۔ تاہم مذاکرات کے نتیجے میں کسی حتمی معاہدے یا جنگ بندی کے فوری اعلان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے سفارتی رابطوں کو اہمیت دی جارہی ہے۔ ماسکو میں ہونے والی یہ ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دی جارہی ہے۔