ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنے علاقائی مطالبات میں نرمی سے انکار کرتے ہوئے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کی تجویز بھی مسترد کردی ہے۔
تاہم انہوں نے ایک اہم محاذی شہر میں مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کی پیشکش کی ہے، جسے امن مذاکرات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔خبر رساں ادارے ڈان اور دیگر عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے کریملن میں ملاقات کی۔ امریکی وفد متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں دو روزہ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچا تھا، جہاں یوکرین جنگ کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پیوٹن نے واضح کیا کہ روس یوکرین کے ان علاقوں سے متعلق اپنے مطالبات میں کوئی کمی نہیں کرے گا جنہیں ماسکو نے روس کا حصہ قرار دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ روسی صدر نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج تعینات کرنے کی تجویز بھی مسترد کردی۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے بعد یوکرین میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی دراصل جنگ کو کسی دوسرے انداز میں جاری رکھنے کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ غیر فوجی یا درمیانی علاقوں کے قیام سے متعلق تجاویز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی حد بندی واضح ہونی چاہیے۔روسی صدر کے سخت مؤقف سے جنگ کے فوری خاتمے کے امکانات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ اس سے قبل یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امید ظاہر کی تھی کہ 2027 سے پہلے جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی پیش رفت کا موقع موجود ہے۔
امریکی نمائندوں کا یورپی ممالک کو مذاکرات میں شامل کرنے پر زور
ملاقات کے دوران امریکی نمائندوں نے روسی صدر پر زور دیا کہ آئندہ امن مذاکرات میں یورپی ممالک کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ اسٹیو وٹکوف نے ملاقات کے بعد روسی سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ پیوٹن نے اگلے دور کے مذاکرات میں یورپی نمائندوں کی شرکت پر اتفاق کیا ہے۔وٹکوف کے مطابق یورپی ممالک امریکا کے شراکت دار ہیں اور ان کی شمولیت مذاکرات کے عمل کے لیے اہم ہوگی۔ دوسری جانب پیوٹن نے کہا کہ واشنگٹن کو اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ یوکرین میں امن چاہتے ہیں یا جنگ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔روس یوکرین تنازع کو یورپی سلامتی کے وسیع تر معاملات سے بھی جوڑ رہا ہے، جبکہ یوکرین اور یورپی رہنماؤں کا مؤقف رہا ہے کہ یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے اس ملک کی شمولیت کے بغیر نہیں کیے جانے چاہئیں۔
پیوٹن سے ملاقات کے بعد امریکی وفد ڈبلن روانہ
روسی صدر سے ملاقات مکمل ہونے کے بعد اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن روانہ ہوگئے، جہاں ان کی یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات طے تھی۔ زیلنسکی بھی یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈبلن میں موجود تھے۔اس موقع پر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے محاذ پر رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی اہم سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار شیلڈ پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق ان پابندیوں سے روسی ڈرونز کو روکنے کی یوکرینی صلاحیت متاثر ہورہی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں اور فوجیوں کی جانوں کو مزید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل فوجی حملے کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے جنگ کے دوران روس نے مشرقی اور جنوبی یوکرین کے مختلف علاقوں پر قبضہ کیا، جبکہ 2014 میں کریمیا کو بھی اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔