لاہور: پیکو روڈ پر سیمنٹ سے لدے دو بائیس ویلر ٹرالے آپس میں ٹکرا گئے، حادثے کے نتیجے میں ایک ٹرالر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیکو روڈ پر دو بائیس ویلر ٹرالر یوٹرن لینے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹرالر ڈرائیور نے دوسری گاڑی کو بچانے کی کوشش میں اپنا ٹرالر فٹ پاتھ پر چڑھا دیا، اسی دوران پیچھے سے آنے والے دوسرے ٹرالر نے اسے زور دار ٹکر مار دی۔تصادم اتنا شدید تھا کہ دوسرے ٹرالر کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا، جبکہ حادثے میں ایک ٹرالر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔ٹریفک پولیس اہلکار کے مطابق دونوں ٹرالر سیمنٹ سے لدے ہوئے تھے۔ حادثے کے باعث پیکو روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔