اوکاڑہ میں مال بردار ٹرینوں کے تصادم سے اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق، 2 زخمی

اوکاڑہ میں مال بردار ٹرینوں کے تصادم سے اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق، 2 زخمی

اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں دو مال بردار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈرائیور امتیاز جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ شرقی بائی پاس کے قریب پیش آیا، جہاں ایک مال بردار ٹرین کا انجن سامنے سے آتی ہوئی دوسری مال گاڑی سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ انجن الٹ گیا اور متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر نیچے جا گریں۔عینی شاہدین کے مطابق، پیچھے سے آنے والی ایک اور مال گاڑی بھی متاثرہ ٹرین کی بوگیوں سے ٹکرا گئی، جس سے مزید نقصان ہوا اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کے بعد لاہور اور کراچی کے درمیان ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ متعدد مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر روک دی گئی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق تاحال متاثرہ ٹریک کلیئر نہیں ہو سکا، تاہم جلد دونوں ٹریکس بحال کر دیے جائیں گے تاکہ ریل سروس دوبارہ شروع ہو سکے۔حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ سگنلنگ سسٹم یا کوآرڈینیشن میں خرابی کے باعث پیش آیا۔