تربیلا ٹنل واقعہ:متاثرہ تنصیبات کی بحالی کیلئے اقدامات شروع

 پانی کا بہاؤ روکنے کیلئے ہیوی گیٹ نصب ہوگا، ٹنل 5 میں آمدورفت پرپابندی عائد 
تربیلا غازی (خصوصی رپورٹ) تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے ان ٹیک میں ہونے والے سوراخ کو بند کرنے اور متاثرہ تنصیبات کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے گئے جبکہ ٹنل نمبر 5 کے آگے ہیوی گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس منصوبے کے ان ٹیک میں دو روز قبل سوراخ ہونے کے باعث ٹنل نمبر 5 میں بڑی مقدار میں پانی داخل ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں زیر تعمیر پاور ہاؤس پانی سے بھر گیا۔واپڈا کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا جس کے تحت ہیوی واٹر پمپس کی مدد سے پانی کی نکاسی جاری ہے۔منصوبے کی حفاظت کے پیش نظر اعلیٰ سطح اجلاس میں ٹنل نمبر 5 کے اندر آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔