واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس وقت جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں ایران کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر فوری فوجی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو بالکل بے اثر کردیا ہے، ایرانی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور ملک میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایرانی فوجیوں کو تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جا رہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف طاقت استعمال کرنے میں انہیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی اور ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ان کے یہ بیانات ایران کے خلاف امریکی پالیسی اور ممکنہ فوجی اقدامات کے حوالے سے سامنے آئے ہیں۔انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے کیوبا کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کیوبا کے خلاف مختصر فوجی کارروائی پر غور کرسکتے ہیں اور صدارت چھوڑنے سے پہلے اس معاملے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے اسرائیل میں اپنی مقبولیت کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ وہاں ان کی مقبولیت 99 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل جا کر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ڈیموکریٹس کے زیرانتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور بدعنوانی کے معاملات پر مرکوز کریں۔