واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران جنگ میں پہلے ہی کامیابی حاصل کرچکا ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا اور امریکا اس جنگ میں اپنی برتری ثابت کرچکا ہے۔ٹرمپ نے یوکرین جنگ ختم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر اے آئی انسانیت کے خلاف گئی تو اسے روکنے کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ موجود ہوگا۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کے ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی سے متعلق رپورٹس کو یکسر مسترد کردیا۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے ایسی خبروں کو ’’سو فیصد غلط‘‘ قرار دیتے ہوئے بعض دعوؤں پر سخت تنقید کی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کے پاس گولہ بارود کی وافر مقدار موجود ہے اور امریکا دفاعی ہتھیاروں کی پیداوار میں مزید تیزی لا رہا ہے۔واضح رہے کہ بعض امریکی میڈیا رپورٹس میں حالیہ ہفتوں کے دوران ٹوماہاک، پیٹریاٹ اور تھاڈ سمیت بعض اہم دفاعی نظاموں کے ذخائر میں کمی کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔