تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کیے جائیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کیے جائیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی ساہو نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ میں مجوزہ ڈپلومیٹک انکلیو کے مقام کا بھی معائنہ کیا اور منصوبوں پر پیش رفت کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی ساہو نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سی بی ڈی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سی بی ڈی جھیل اور کمرشل یونٹس کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ سی بی ڈی کے سینئر ڈائریکٹرز نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو سی بی ڈی واک اور ڈپلومیٹک انکلیو کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران روڈ انفراسٹرکچر، سول ورکس اور سیلسٹیا آئی ٹی ٹاور کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر تفصیلات فراہم کی گئیں۔

افتخار علی ساہو نے سی بی ڈی کے مختلف منصوبوں پر جاری کام کی رفتار اور تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جدید شہری ترقی اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے سی بی ڈی کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جدید شہری منصوبہ بندی اور معیاری انفراسٹرکچر کسی بھی شہر کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سی بی ڈی کے منصوبے پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر سی او او سی بی ڈی بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ کا کہنا تھا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور جدید کاروباری مراکز کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔