ایشین ٹیم سکواش میں شاندار کارکردگی، کھلاڑیوں کیلئے 10 10لاکھ روپے کی انعامی رقم

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)ایشین ٹیم اسکواش چمپئن شپ میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 10، 10 لاکھ روپے کے نقد انعامات دیے گئے۔وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ رانا ثنا اللہ خان نے بدھ 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان کی گولڈ میڈل یافتہ مردوں کی اسکوائش ٹیم کے چاروں کھلاڑیوں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشہب عرفان کو 10، 10 لاکھ روپے دیے۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی اس کامیابی کو عظیم قومی فخر کا باعث قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حکومتی سطح پر پذیرائی اور حوصلہ افزائی کھیلوں کے فروغ اور قومی صلاحیتوں کی سرپرستی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔