اسد ملک کا دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والے والدین کیلئے تشویش کا اظہار

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکار اسد ملک نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور دستیاب وسائل کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں بے قابو اضافہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ اداکار نے حال ہی میں ٹی ایس آر پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران آبادی میں اضافے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق سمیت معاشرے میں مختلف مسائل کی شرح بڑھنے کی ایک وجہ آبادی میں مسلسل اضافہ بھی ہے، جسے روکنے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے جارہے۔ان کے مطابق اس کے اثرات معاشرتی زندگی کے مختلف شعبوں پر پڑ رہے ہیں اور طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کے اسباب میں بھی اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔اسد ملک نے کہا کہ آبادی کا بے تحاشا بڑھنا پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے زہرِ قاتل ہے اور خطے کو درپیش بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق بعض خاندانوں میں چھ یا اس سے زیادہ بچوں کی پیدائش معمول بنتی جارہی ہے، جبکہ وہ اس رجحان کے پیچھے موجود سوچ کو بھی قابلِ غور سمجھتے ہیں۔