سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی نے ایل پی جی خریداری کے لئے ٹینڈرز جاری کردئیے
درآمدی ایل پی جی موجودہ مارکیٹ ریٹ سے 70 سے 130 روپے فی کلو سستی ملے گی
لاہور(آئی این پی )مہنگی ایل پی جی سے پریشان عوام کیلئے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی۔ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی نے ایل پی جی خریداری کے لئے ٹینڈرز جاری کردئیے،جس کے تحت 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی خریداری کے لئے ایک ٹینڈر 20 ہزار اور دوسرا 50 ہزار میٹرک ٹن کا ہے، پی ایس او اور پارکو بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی خریدیں گے۔ ذرائع کے مطابق درآمدی ایل پی جی لے کر آنے والے جہاز 15 روز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے،عالمی قیمتوں کے حساب سے درآمدی ایل پی جی 450 روپے فی کلو پڑنے کا امکان ہے جومعمولی مارجن کے ساتھ 460 روپے فی کلو فروخت ہوسکے گی۔ملک بھر میں اس وقت ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلوپر فروخت ہورہی ہے اور درآمدی ایل پی جی موجودہ مارکیٹ ریٹ سے 70 سے 130 روپے فی کلو سستی پڑنے کا امکان ہے۔