نورین نیازی اور عظمی خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا‘ نئے صوبے بننے چاہئیں ‘ یہ اقدام ملک کے مفاد میں ہے‘خواتین کی رہائی اولین ترجیح ہونی چاہیے:بانی پی ٹی آئی
مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے:عمران خان کی ہدایات‘ بانی سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کی اندرونی کہانی
لاہور(آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔نورین نیازی اور عظمی خان کو رہائی کے آرڈر جیل حکام کو موصول ہونے کے بعد رہا کیا گیا، دونوں بہنیں 3 ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں بند تھی۔جیل حکام کے مطابق عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو تاحال جیل سے رہا نہیں کیا گیا، ان کی رہائی کے احکامات جیل حکام کو موصول نہیں ہوئے‘دریں اثناء بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک میں نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے نئے صوبے بننے چاہئیں اور یہ اقدام ملک کے مفاد میں ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی جیل میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔پارٹی ذرائع کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی اور اپنی بہنوں سمیت تمام خواتین اسیران کی رہائی کے کیلئے فوری طور پر مذاکرات کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس مقصد کے لئے انہوں نے پارلیمانی پارٹی کو خواتین کی رہائی اور دیگر تمام اہم سیاسی معاملات پر حکومت یا متعلقہ فریقین سے مذاکرات کرنے کا باضابطہ مینڈیٹ دے دیا ہے، اور پیغام دیا ہے کہ تمام خواتین اسیران کی رہائی پارٹی کی اولین ترجیح ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی ہدایت بھی کی۔۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا ردعمل سخت تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے حل کے لیے متبادل انتظام ان کے پاس موجود نہیں۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت کے حوالے سے کہا کہ ذہنی دباؤ جان لیوا ہوتا ہے، تاہم وہ اسپورٹس مین ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ حالات کو کس طرح سنبھالنا ہے۔ انہوں نے اپنی صحت کے ساتھ بشری بی بی کی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بشری بی بی کی فکر ہے اور ان کے لیے کچھ کیا جائے۔