عمران خان کی ملاقاتیں بحال بہنیں رہا ہونی چاہئیں:صفدر

ایبٹ آباد (خصوصی رپورٹ)ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، اس کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کرتا، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے خیبرپختونخوا کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے باعث بچوں کو سکول جانے جبکہ مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں دشواری ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ کسی صورت بند نہیں ہونا چاہیے، غیر مشروط مذاکرات نہیں ہوتے، ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ہی بات چیت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو رہا کیا جانا چاہیے،ان سے ملاقاتیں بحال ہونی چاہئیں، رہائی عدالتوں کے ذریعے ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی عروج پر ہے، صوبے میں فوجی آپریشن انتہائی ناگزیر ہے۔کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی بات میں وزن ہوتا ہے، خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ ہمارا مطالبہ ہے، اسے فی الفور صوبہ بنایا جائے۔