ہوسکتا ہے پی ٹی آئی سے حمایت مانگی جا رہی ہو:سعد رفیق

عمران خان سے ملاقات کا پس منظر 28 ویں آئینی ترمیم ، نئے صوبوں اور گورنر راج سے جڑا ہو سکتا ہے
 تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا  ہوگا‘عمران خان کی   قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے:رہنما ن لیگ
اسلام آباد(آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ان کی اہلیہ اور وکلا کی ملاقاتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے   اس کا تعلق مجوزہ 28 ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر  اپنے ایک بیان میں  انہوں نے کہا ہو سکتا ہے  سندھ کی تقسیم پر پاکستان پیپلز پارٹی  کے نہ ماننے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کیلئے  یہ تجویز عمران خان  کے سامنے رکھی جا رہی ہو، اگر وہ تعاون کریں تو ان کی حمایت کے بدلے اسٹیبلسمنٹ پی ٹی آئی کیلئے  آسانیاں مہیا کر سکتی ہے۔سعد رفیق نے ملاقات کے حوالے سے مزید امکان ظاہر کیا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوا نہ بولنے کی گارنٹی کے بدلے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گئی ہو۔انہوں نے زور دیا کہ ایک ترقی پسند، مستحکم، جمہوری اور متحد پاکستان کی تشکیل کے لیے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا اور ایک دوسرے کے حقوق کو تسلیم کرنا ہوگا، اور اس مقصد کے لیے نیا میثاقِ پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے۔اس کے علاوہ سعد رفیق نے عمران خان کے حوالے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر پی ٹی آئی کے لیے بھی پرامن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاہیے۔