شہریوں نے اپنی شکایات، مسائل اور جرائم پر قابو پانے سے متعلق تجاویز پیش کیں
ساہیوال(خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے تھانہ بہادر شاہ کے علاقے میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول 66GD اور گورنمنٹ بوائز سکول 59GD میں جبکہ تھانہ فرید ٹاؤن کے علاقے میں جامع مسجد نکی مڈھالی اور گورنمنٹ بوائز سکول رتی ٹبی میں کھلی کچہریاں منعقد کیں۔کھلی کچہریوں میں مقامی شہریوں نے اپنی شکایات، مسائل اور جرائم پر قابو پانے سے متعلق تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈی پی او نے بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو شکایات کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے قابلِ عمل تجاویز پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور عوام کے تعاون سے جرائم کا خاتمہ ممکن بنانا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے سکولوں میں موجود بچوں سے بھی گھل مل کرتبادلہ خیال کیا۔