موبائل لائسنسنگ یونٹس فعال ،1600خواتین کو سہولت فراہم

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل لائسنسنگ یونٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ رواں ماہ پنجاب کے 27 اضلاع میں 10 ہزار سے زائد شہریوں نے موبائل لائسنسنگ یونٹس سے استفادہ کیااعداد و شمار کے مطابق 4500 سے زائد شہریوں نے ریگولر جبکہ 3800 سے زائد نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جب کہ 400 سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے تحت خواتین کو خود مختار بنانے کا عمل بھی جاری ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں پنک موبائل لائسنسنگ یونٹس فعال ہیں، جن کے ذریعے رواں ماہ 1600 سے زائد خواتین کو سہولیات فراہم کی گئیں۔خواتین کو اون ڈور لائسنسنگ سہولیات فراہم کر کے انہیں خود مختاری کے سفر میں بااختیار بنایا جا رہا ہے