موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس کا دائرہ کار وسیع

5 ماہ کے دوران 3 لاکھ سے زائد شہریوں کو گھر بیٹھے لائسنسنگ کی سہولیات فرہم
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس ٹریفک نے شہریوں کو سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق نومبر 2025 سے صوبے کے 27 اضلاع میں یہ یونٹس فعال ہیں اور اب تک نمایاں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 3 لاکھ سے زائد شہریوں کو گھر بیٹھے لائسنسنگ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جبکہ ایک لاکھ 51 ہزار سے زیادہ شہریوں نے آن ڈور فریش ریگولر لائسنس بنوائے۔ مزید بر آں، 43 ہزار شہریوں نے موبائل لائسنس یونٹس کے ذریعے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں ‘‘پنک لائسنسنگ یونٹس’’ فعال ہیں، جن کے ذریعے اب تک 50 ہزار خواتین کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے انصاف اور سہولیات کی فراہمی کو شہریوں کے دروازے تک یقینی بنایا جا رہا ہیخصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں میں یہ اقدام انتہائی م ئوثر ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف، جدید اور آسان نظام کے تحت لائسنسنگ کا عمل جاری ہے، جو پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔