لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب بھر میں شہری اب موبائل یونٹس کے ذریعے لرنر لائسنس، تجدید شدہ لائسنس اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ ریگولر لائسنس کے اجرا کے لیے جدید اے آئی بیسڈ ڈرائیونگ ٹیسٹنگ وینز بھی ان موبائل یونٹس کا حصہ ہوں گی۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق صوبے کے لیے 118 موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 34 گاڑیاں مکمل ہو چکی ہیں اور رواں ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کے افتتاح کے بعد انہیں فیلڈ میں بھیج دیا جائے گا۔ ان میں سے 20 فیصد گاڑیاں خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی تاکہ انہیں جامعات، دفاتر اور دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ہر موبائل اسٹیشن میں 4 ٹرمینلز ہوں گے جن میں سے 2 لائسنسنگ کے لیے جبکہ 2 ضلعی پولیس کے اہلکاروں کے لیے مخصوص ہوں گے۔ یہ یونٹس جی پی ایس سسٹم کے ذریعے متعلقہ تھانوں سے منسلک ہوں گے، جس سے شہری تھانے کے فرنٹ ڈیسک کی سہولیات بھی موبائل اسٹیشنز کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔ ڈی آئی جی کے مطابق یہ یونٹس روزانہ مختلف علاقوں کا رخ کریں گے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولت میسر ہو