وفاقی دارالحکومت میں کچہری کے خودکش دھماکے کے بعد آج جوڈیشل کمپلیکس کو دوبارہ کھول دیا گیا، سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔
وکلا اور سائلین کی بڑی تعداد معمول کے مطابق پیش ہونے کے لیے پہنچ گئی ہے، جب کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر فرد کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔انتظامیہ کے مطابق وکلا کے کلرکس کو آفیشل کارڈ دکھانے پر داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے، اور سائلین کو تفصیلی تلاشی اور ذاتی معلومات درج کروانے کے بعد کچہری میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل، سکیورٹی اداروں نے دھماکے کے مقام سے تمام شواہد اکٹھے کئے ہیں۔
دوسری جانب، وکلا برادری نے سانحے کے خلاف 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جو 13 اور 14 نومبر کو مکمل ہڑتال کی صورت میں ہوگی، اور وکلا ان دنوں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔ادھر، فیملی کورٹس میں قائم ڈے کیئر سینٹر کو مزید چند روز تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔