اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں پرویز الہٰی، اسد عمر اور شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزارت قانون کو بھیجے گئے خط کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔
چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے سردار محمد رزاق ایڈووکیٹ جبکہ دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی اور دیگر وکلاء پیش ہوئے۔ عدالت نے مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہے۔