کلینک آن وہیل اور فیلڈ اسپتال پروجیکٹس کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہوں، مریم نواز

کلینک آن وہیل اور فیلڈ اسپتال پروجیکٹس کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہوں، مریم نواز

ویب ڈیسک:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینک آن وہیل اور فیلڈ اسپتال پروجیکٹس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔

 اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں نے 37 اضلاع میں عوامی خدمت کے نئے معیار قائم کیے ہیں اور 148 دنوں میں 53 لاکھ سے زائد مریضوں کا دہلیز پر علاج کیا گیا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ کلینک آن وہیل سروسز سے روزانہ اوسطاً 30 ہزار مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں میں فیلڈ اسپتال سے 7 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد نے علاج کرایا۔ دیہات کے 1 لاکھ سے زائد افراد کو مفت لیب ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی، اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیہات کے افراد کو اچھا علاج، ادویات اور ٹیسٹ فراہم کرنا ان کا حق ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے حکومت کی جانب سے عوامی خدمات کے لیے وسائل کے بھرپور استعمال کا عہد کیا اور اعلان کیا کہ فیلڈ اسپتال اور کلینک آن وہیل کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی تاکہ مزید لوگوں کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔