فائنل کال آگئی ہم تیار ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخوا

فائنل کال آگئی ہم تیار ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخوا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین خان گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے مارچ کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ "فائنل تاریخ آگئی ہے، ہم تیار ہیں۔" علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی تیاری پہلے ہی سے مکمل تھی، لیکن اب وہ اس احتجاج کے لیے مزید بہترین طریقے سے تیاری کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات تسلیم ہونے تک پی ٹی آئی کی واپسی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ موقع ہے جب فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک میں مارشل لا کے تحت رہنا ہے یا آزاد ہونے کی جدوجہد کرنی ہے۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے پیغام میں 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا ہے اور کارکنوں، ایم این ایز، وکلاء، کسانوں، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مارچ میں شرکت کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوام نے انقلاب لانے کے لیے اپنے آئینی حق کا استعمال کیا تھا اور اشرافیہ سے طاقت چھینی تھی، مگر 9 فروری کو عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عوام کو اس احتجاج میں نکلنا ہوگا تاکہ ملک میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی جا سکے۔علی امین خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ان کے مارچ میں پی ٹی آئی کے تمام کارکنان، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوں گے تاکہ وہ اپنے حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔