وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 9 جنوری کو کراچی کے دورے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے حال ہی میں لاہور کا تین روزہ دورہ مکمل کیا تھا، جس کے بعد اب انہوں نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر کراچی آ رہے ہیں۔انہوں نے کراچی کے عوام اور پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تیار رہے، وہ اہم ملاقاتوں اور مشاورت کے لیے شہر کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ 9 جنوری بروز جمعہ وہ کراچی میں تمام دوستوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کراچی کا یہ دورہ ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے خاص اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس دوران آئندہ سیاسی حکمتِ عملی اور تنظیمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔