ویب ڈیسک:پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن، علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق، عمران خان نے اپنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان بھر میں نکل کر اپنے چوری شدہ مینڈیٹ کے لیے آواز اٹھانی ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، اور ہر کارکن کو اپنے کردار کا ادراک کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے 8 فروری کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دن عوام نے جمہوریت کے حق میں اور ظالم نظام کے خلاف ووٹ دیا تھا، لیکن 9 فروری کو ان کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ 9 فروری کو گنے چنے لوگوں کو اقتدار میں لایا گیا اور 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 10 سالہ مارشل لاء قائم کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے قوم، کسانوں، وکلاء، سول سوسائٹی اور اوورسیز پاکستانیوں کو اس احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے طلباء اور نوجوانوں کو بھی گھروں سے نکلنے کی اپیل کی اور کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تاہم، فیصل چوہدری نے کمیٹی کے ارکان کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ احتجاج نہ صرف پاکستان میں، بلکہ دنیا بھر میں ہو گا، اور اسلام آباد احتجاج کا مرکز ہو گا۔