اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سوڈان جنگ پر کارروائی زیرِ غور

تقریبا 25 ملین افراد کو غذائی امداد کی اشد ضرورت، 11 ملین لوگ گھر چھوڑنے پر مجبور
نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک برطانوی مسودہ قرارداد زیرِ بحث ہے جس میں سوڈان کے متحارب فریقین سے دشمنی بند کرنے کا مطالبہ اور یہ تقاضا کیا گیا ہے کہ وہ اگلے مورچوں اور سرحدوں پر امداد کی محفوظ، تیز رفتار اور بلا تعطل ترسیل کی اجازت دیں۔ یہ جنگ سویلین حکمرانی کی طے شدہ منتقلی سے قبل اپریل 2023 میں سوڈانی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان حصولِ اقتدار کی کشمکش سے شروع ہوئی اور دنیا کے سب سے بڑے نقل مکانی بحران کی وجہ بن گئی۔اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ تقریبا ً25 ملین افراد یعنی سوڈان کی نصف آبادی کو امداد کی ضرورت ہے کیوں کہ بے گھر افراد کے کیمپوں کو قحط نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور 11 ملین لوگ اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 30 لاکھ لوگ بھاگ کر دوسرے ممالک چلے گئے ہیں۔برطانیہ کے مسودہ متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آر ایس ایف فوری طور پر پورے ملک میں اپنی کارروائیاں روک دیں اور متحارب فریقین فورا دشمنی بند کر دیں۔